sealed - ایس او پیز کی خلاف ورزی،10پیٹرول پمپ ،17 دکانیں سیل

کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ضلعی انتظامیہ ملتان مکمل طور “ان ایکشن” ہے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر میگا کریک ڈاؤن کیا گیا، اور کریک ڈاؤن کے دوران 10 پٹرول پمپ،4 ہوٹل اور 17 دکانیں سیل کردی گئیں ،جبکہ کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرانے پر 67 کمرشل گاڑیاں بھی تھانہ بند کردی گئیں۔

کریک ڈاؤن کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کے مخلتف کمرشل سنٹرز کو 3 لاکھ سے زائد جرمانے بھی عائد کئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود، اے سی صدر عدنان بدر اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کی سربراہی میں کارروائیاں کی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز نے کرونا حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر درجنوں پٹرول پمپ، دکانات اور پلازہ مالکان کو نوٹس جاری کئے، اور کرونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کرنے کی تلقین کی۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 13 ستمبر تک کسی صورت لاک ڈاون کی خلاف ورزی نہیں ہونے دینگے۔ تمام تقریبات،کھیلوں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں سول سوسائٹی انتظامیہ کا ساتھ دے، بصورت دیگر ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہریوں کو کوئی سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔