atamanga - بزرگ بلوچ رہنما سردار عطاء اللہ مینگل انتقال کر گئے

سردار عطاء اللہ مینگل کا انتقال ہو گیا، ان کی عمر 93 سال تھی، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے، اور ایک نجی اسپتال میں گزشتہ کچھ دنوں سے زیر علاج تھے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ کے مطابق عطاء اللہ مینگل کی طبیعت زیادہ بگڑنے پر انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، ان کی حالت تشویش ناک تھی۔

مرحوم سردار عطا اللہ مینگل کی تدفین آبائی علاقے وڈ ضلع خضدار میں کی جائے گی۔

سردار عطااللہ مینگل 1929 کو پیدا ہوئے، 25 سال کی عمر میں مینگل قبیلے کے سردار مقررہوئے، وہ بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ تھے، ان کا شمار بلوچستان کی قوم پرست سیاست کے ابتدائی رہنماؤں میں ہوتا ہے، اور وہ بلوچستان کی تاریخ اور قبائلی لحاظ سے ایک اہم شخصیت تھے۔

سردار عطاء اللہ مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ بھی رہے، موجودہ سربراہ سردار اختر جان مینگل ان کے صاحب زادے ہیں۔