babar azam 640x470 1 - ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت پر دباؤ ہوگا، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آتی تو مزا آتا :بابر اعظم

اکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی مکمل ٹیم پاکستان آتی تو زیادہ مزہ آتا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت پر دباؤ ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ جو بھی ٹیم آرہی ہے ، اس کے خلاف ہم ویسے ہی کھیلیں گے جیسے ہم نے ان کی تمام سرکردہ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے خلاف کھیلنا تھا، نیوزی لینڈ کی یہ ٹیم بھی اچھی ہے لیکن اگر نیوزی لینڈ کی مکمل ٹیم آتی تو زیادہ مزہ آتا۔
ہماری تیاریوں میں کوئی فرق نہیں ہے، ہمارا فوکس بھرپور تیاری پر ہے۔ ایک سال کے بعد نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے مجھے اُمید ہے کہ تب ان کی اصل ٹیم ہی پاکستان آئےگی ۔

اس وقت ہماری صرف ون ڈے ٹیم کا اعلان ہوا ہے تو تبصرہ بھی ون ڈے ٹیم پر ہی کروں گا ،مڈل آرڈر میں ہمیں تھوڑی مشکل رہی ہے ، اس کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے وہ کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں ، ان کے لیے ایک اور اچھا موقع ہے کہ وہ خود کو ثابت کریں، پاکستان ٹیم میں رہنے کے لیے کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا پڑتا ہے مجھے اُمید ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ رمیز راجہ سے مثبت بات چیت ہو ئی ہے، انہوں نے اپنے مائنڈ سیٹ کے حوالے سے ہمیں بتایا ہے، ہم اسی مائنڈ سیٹ کو لے کر چلیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی میچز کی پلاننگ کے لیے ہم نے ابھی بیٹھنا ہے اور جب گفتگو ہو گی تو کمبی نیشن کے حوالے سے پلان تیار کریں گے، اوپننگ پیئر ہمارا اچھا پرفارم کرتا ہوا آرہا ہے کوشش ہو گی کہ اسی کو لے کر چلیں لیکن اس پر جب بیٹھیں گے تو بحث کریں گے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں دباؤ بھارتی ٹیم پر زیادہ ہو گا، جبکہ پاکستان ٹیم پر دباؤکم ہو گا۔
پاکستان ٹیم مسلسل سیریز کھیلتے ہو ئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلے گی اور تیاری خاصی اچھی رہی ہو گی، ورلڈ کپ سے قبل دو ٹیموں کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز ہمارے لیے بڑے مدد گار ثابت ہوں گے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم اس وقت ٹیسٹ میچز میں مصروف ہے اور اس کے بعد انہوں نے فرنچائز کرکٹ کھیلنی ہے، ٹیم کی حیثیت سے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میچ بہت دیر پہلے کھیلا ہوا ہے، فرنچائز کرکٹ کے بعد وہ ورلڈ کپ میں آئیں گے اس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم کو فرق پڑے گا۔ ہم ہر میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، ورلڈ کپ میں ہر ٹیم جیتنے کے لیے جاتی ہے ہمارا بھی یہی مائنڈ سیٹ ہے ، ہمارا مقصد ایک ہی ہے ہم نے ورلڈ کپ جیتنے کے لیے جانا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے جتنے بھی میچز ہیں وہ پورے اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے تاکہ ورلڈ کپ کے لیے تیاری بھرپور ہو ، جس دن میچ ہونا ہے اس دن کیا ہوگا یہ کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم اچھی سے اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

متحدہ عرب امارات(یواے ای) ہمارا ہوم گراؤنڈ رہا ہے وہاں ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے ، ہم نے یو اے ای میں 31 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 21 میچز جیتے ہو ئے ہیں، ہمارے لیے وہاں کی کنڈیشنز بہت سود مند ہوتی ہیں اس کا ہمیں فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت میچ کا دباؤ تو ہوتا ہے لیکن بات وہی ہے کہ ہم نے اپنی بھرپور تیاری کرنی ہے، سو فیصد تیار ہونا ہے اور اس کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پلان پر فوکس کیے ہو ئے ہیں لیکن رزلٹ آپ کے ہاتھ میں نہیں ہے۔