southpunjab secretariate - جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دفتری امور میں ای فائلنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دفتری امور میں تیزی لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ میں ای فائلنگ سسٹم اپنانے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیرصدارت ای فائلنگ سسٹم کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے 16 محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔سیکرٹری محکمہ انہار عامر خٹک اور ایڈیشنل سیکرٹری رانارضوان قدیر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ای فائلنگ سسٹم پر عملدر آمد یقینی بنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس حوالے پیش رفت بارے انہیں ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل فعال اور خودمختیار دیکھنا چاہتے ہیں،اسی لئے کابینہ نے نئے رولز آف بزنس کے تحت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات دے دئے ہیں۔نئے رولز آف بزنس جنوبی سیکرٹریٹ کی خود مختیاری کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے۔ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ سیکرٹریٹ کے امور میں تیزی لانے کے لئے فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ دفتری امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم اپنانے سے فرسودہ دفتری نظام اور سرخ فیتے کا خاتمہ ہو گا اور کمپیوٹر سسٹم سے فائل کو ٹریک کیا جا سکے گا جس سے حکومت کی پالیسیوں پر بروقت عملدر آمد ہو گا اور اس نظام سے پروکیورمنٹ میں بھی شفافیت آئے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکموں کے استعداد کار میں اضافہ کے لئے ٹریننگ کا انتظام کیا جائے گا۔ُپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ای فائلنگ سسٹم کے لئے ایپ لانچ دی گئی ہے جبکہ تمام محکموں کی فائلوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔