Multan bazar market - ملتان کی مرکزی شاہراہوں پر خوبصورت لائٹنگ کا حکم جاری

ڈویژنل انتظامیہ نے شہر اولیاء کو روشنیوں سے جگمگانے کا عزم کیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ رات گئے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے شہر کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے خانیوال روڈ سمیت مرکزی شاہراہوں پر خوبصورت لائٹنگ کا حکم جاری کیا ، اور میونسپل کارپوریشن،واسا اور

متعلقہ محکمے کو ٹاسک دیا کہ اپنی حدود میں شہر کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے منصوبے تجویز کئے جائیں۔

قبل ازیں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کئی کلومیٹر پیدل چل کر سڑکوں کی حالت زار کا جائزہ لیا ، اور ہدایات جاری کیں۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ شہر کو خوبصورت لائٹنگ اور لینڈ سکیپنگ سے سجایا جائے گا۔

واسا کو نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر سکیمیں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

کمشنر ملتان نے الٹی میٹم دیا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام محکمے کارکردگی دکھائیں بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پروٹوکول اور سرخ فیتہ کلچر کے بجائے عوام میں جاکر مسائل حل کرینگے کیونکہ وزیراعلی پنجاب نے اس خطے کی ترقی کیلئے ٹاسک دیا ہے۔

عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ شاہراہوں اور تاریخی مقامات خوبصورت بناکر عوام کو تبدیلی کا احساس دلائیں گے۔قبل ازیں میونسپل کارپوریشن حکام کی جانب سے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بریفننگ بھی دی گئی۔