DG KHAN BUS ACCIDENT - ڈی جی خان : مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم، 27 مسافر جاں بحق

عیدالاضحیٰ پر اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لئے جانے والے مسافر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ابدی نیند جا سوئے۔

ڈی جی خان میں تونسہ روڈ پر جھوک یار شاہ کے قریب مسافر کوچ اور ٹریلر میں خوفناک تصادم ہوا، دلخراش حادثے کے نتیجے میں ستائیس افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ڈویژنل ایمرجنسی افسر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق بدقسمت مسافر بس سیالکوٹ سے راجن پور جا رہی تھی کہ جھوک یارشاہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرائی، جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، حادثے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور امدادی کاموں کا آغاز کیا۔

ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق حادثے کے باعث مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا، اور بس میں پھنسے زخمی مسافروں کو گاڑی کے حصے کاٹ کر باہر نکالا اور طبی امداد کے لئے ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی جی خان ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرڈی جی خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہنگامی طورپر اسپتال بلالیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا ہے، سردار عثمان بزدار نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کی۔