PM Imran Khan - وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم (ایچ ایل پی ایف) سے خطاب کرینگ

وزیراعظم عمران خان 13 جولائی کو اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم (ایچ ایل پی ایف) سے خطاب کرینگے۔
اعلیٰ سطحی سیاسی فورم، پائیدار ترقی کیلئے 2030ء ایجنڈا اور اس کے 17 پائیدار ترقیاتی اہداف پر عملدرآمد پر نظرثانی کرنے کیلئے اقوام متحدہ کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں کووڈ19 وبا، اقتصادی پیش رفت میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے درپیش موجودہ خطرات پر قابو پانے کیلئے وژن پیش کرینگے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں کووڈ۔19 سے قبل کی صورتحال پر واپسی کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اقدامات کی غرض سے تجاویز بھی پیش کرینگے۔

اعلیٰ سطحی سیاسی فورم 2021ء کا موضوع ”کووڈ۔19 وباء سے پائیدار ریکوری کا حصول” ہے، جو 2030ء ایجنڈا اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم عمران خان اس موضوع پر مختلف بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اظہار خیال کرتے رہتے ہیں اور اس سلسلے میں متعدد عملی سفارشات بھی پیش کر چکے ہیں جس پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔ اعلیٰ سطحی سیاسی فورم میں کووڈ۔19 وباء سے موثر انداز میں نمٹنے کی غرض سے ان پالیسیوں پر بحث کی جائے گی جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ کئی ممالک 2030ء ایجنڈے پر عملدرآمد سے متعلق رضاکارانہ نیشنل ریویو بھی پیش کرینگے۔

اعلیٰ سطحی فورم کے اختتام پر کووڈ۔19 کے اثرات پر قابو پانے کے حوالے سے سفارشات پر بین الوزارتی اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا تاکہ دنیا کے تحفظ، سماجی تحفظاتی نظام، عالمی صحت اور پائیدار اور شمولیتی معیشت کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ ہر سال اقوام متحدہ اقتصادی و سماجی کونسل کے زیر اہتمام اعلیٰ سطحی سیاسی فورم کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے موجودہ صدر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ منیر اکرم ہیں۔