multan green - ملتان کینٹ میں بھی شجرکاری کردی گئی

ڈویژنل انتظامیہ کا ملتان کو سرسبز بنانے کی کاوشوں میں کنٹونمنٹ بورڈ ملتان نے بھی اپنا حصہ ڈال دیا۔
ڈویژنل انتظامیہ، کنٹونمنٹ بورڈ ملتان کے زیر اہتمام شجرکاری مہم میں کمشنر جاوید اختر محمود نے بچوں کیساتھ پودا لگا کر کینٹ میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر طلباءو طالبات، اساتذہ، معذور افراد، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ کینٹ میں شہریوں کیلئے پودوں کی مفت فراہمی کیلئے کیمپ بھی لگا دیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کہا کہ کینٹ میں مولسری، رتن جوت کے 2 ہزار تیار درخت لگائے جارہے ہیں۔ 16 اگست کو کنٹونمنٹ گارڈن(کمپنی باغ) میں میگا شجرکاری کی جائے گی۔

وزیراعظم کے وژن کے مطابق سرسبز ملتان میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی رپورٹ ہم سب کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔اپنی نسلوں کی بقاء کیلئے شجرکاری کریں۔ کرہ ارض رہنے کے قابل نہ رہا تو دوسری ہر چیز بے معنی ہے۔ اپنے حصے کا درخت لگا کر جشن آزادی منانا سب سے بہترین طریقہ ہے۔

سی او کنٹونمنٹ چوہدری بابر نے کمشنر جاوید اختر محمود کے ملتان کو سرسبز بنانے کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ وطن عزیز کے گرین کور میں اضافہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

اسٹیشن ہیڈ کوارٹر کرنل مقبول، ممبران کنٹونمنٹ بورڈ بھی موجود تھے۔ جبکہ اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی قیادت میں جشن آزادی شجرکاری آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔