mango - ملتان : رنگا رنگ مینگو فیسٹول اختتام پذیر

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے زیر اہتمام اور بہاوءالدین زکریا یونیورسٹی، مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان اور ڈی ایچ اے ملتان کے تعاون سے منعقدہ تین روزہ مینگو فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا۔

مینگو فیسٹیول کے تیسرے روز منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی منسٹر فار نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام شاہ، وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز)اورسابقہ ریٹائرڈ ائی جی ریلوے پولیس سید ابن حسین تھے۔

مینگو فیسٹیول کے تیسرے روز پینل ڈسکشن، شہریوں کیلئے آم کھانے کے مقابلے، میجک شو، کڈز شو،پپٹ شو، کڈز مینگو فیشن واک سمیت دیگر تفریحی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

منسٹر فار نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام شاہ نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد خطہ کے باغبانوں کیلئے بہت مفید ہے جس میں وہ شامل ہو کر آم کی مختلف اقسام سے روشناس ہوتے ہیں۔مینگو فیسٹیول کے انعقاد سے عالمی سطح پر ملکی آم کو روشناس کروانے میں مدد ملی ہےانہوں نے کہا کہ یورپ اور دیگر ممالک اس لیے ترقی کررہے ہیں کہ وہ زراعت میں جدت لا چکے ہیں اسی لیے پاکستان میں زراعت میں جدت لانے کی بہت ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید فیسٹیول میں سٹالز لگانے والی کمپنیوں و باغبانوں اور آم سے بننے والے کھانوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ کچھ عرصہ پہلے شہروں میں میلے لگائے جاتے تھے، جس میں دور دور سے لوگ شرکت کرتے تھے جو کہ اب کے دور میں تقریباً ختم ہو چکے ہیں اسی کوبحال کرنے کیلئے ہر سال مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان نے سالانہ مینگو فیسٹیول لگا کر دوبارہ شہر کی رونق بحال کی ہے۔

اس موقع پر زاہد حسین گردیزی، چیئر مین کسان اتحا د خالد کھوکھر، چیئر مین ,عابد محمود، ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ عبدالغفار گیرے وال سمیت دیگر زرعی سائنسدان، شہریوں اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔