protest - مظفرگڑھ : نجی سکول مالکان نے چناب پل بند کرنے کی دھمکی دے دی

مظفر گڑھ میں پرائیویٹ سکولز کی آن لائن رجسٹریشن ایک سال سے بند، نجی سکولز کی تنظیموں نے دریائے چناب کے پل پر دھرنا دینے کے دھمکی دیدی، مالکان کا کہنا ہے کہ مظفر گڑھ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے شرط عائد کی کہ پہلے پرائیویٹ سکولز کی عمارتوں کے کمرشل نقشے بنائے جائیں، اس کے بعد آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی۔

پرائیویٹ سکولز مالکان احتجاج کر رہے ہیں کہ پنجاب بھر میں صرف مظفر گڑھ میں نجی سکولز کے کمرشل
نقشوں کی شرط عائد کی گئی ہے، حالانکہ پرائیویٹ سکولز کمرشل کیٹگری میں نہیں آتے۔

حتیٰ کہ ان کے بجلی کنکشنوں کا ٹیرف تک کمرشل نہیں ہے، اس کے علاوہ بیشتر سکولز کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں تو اس صورتحال میں کمرشل نقشے کی شرط حکومتی پالیسی کے برعکس ہے۔

دوسری جانب پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حکام نے متنبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن نہ ہونے پر ضلع مظفر گڑھ کے پیف سکولز کی پیمنٹس آئندہ ماہ سے بند کردی جائے گی۔

اس صورتحال میں فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکولز پنجاب اور ساؤتھ پنجاب پرائیویٹ سکولز گرینڈ
الائنس نے دھمکی دی ہے کہ اگر 8اگست تک مظفر گڑھ انتظامیہ نے آن لائن رجسٹریشن اوپن نہ کیں تو دریائے چناب کے پل پر احتجاجی دھرنا دے دیا جائے گا ، جس کی تمام تر ذمہ داری مظفر گڑھ انتظامیہ اور محکمہ تعلیم پر عائد ہوگی۔