baab e dosti Pakistan Afghanistan borders - مذاکرات کامیاب، باب دوستی کھولنے کا اعلان

افغان طالبان نے پاکستانی حکام سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد کل سے چمن پر پاک افغان بارڈر باب دوستی کھولنے کا اعلان کردیا۔

طالبان افغان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان بارڈر باب دوستی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 5 میں سے 3 شرائط پر اتفاق جبکہ 2 کو بعد میں زیربحث لایا جائے گا، باب دوستی پیدل آمدورفت کیلئے روزانہ 8 گھنٹے کھلی رہیں گی، پیدل آمدورفت شناختی کارڈ کے علاوہ افغانی دستاویز اور مہاجر کارڈ پر بھی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر چمن جمعہ داد کے مطابق اسپین بولدک پرطالبان قبضے کے بعد طالبان شیڈو گورنر کے مطالبات سامنے آئے تھے تاہم مذاکرات کی کامیابی کے بعد کل سے باب دوستی کھول دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان جانے اور آنے والے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر آمدورفت کے اوقات کار بھی بڑھا دیے ہیں، اور باب دوستی سے آمدورفت صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ کل سے پاک افغان بارڈر پر دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بحال رہیں گی۔