ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر کو ہوگی: چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا اعلان
ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی، ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی تکنیکی معاونت کے لیے موجود تھے۔ اجلاس کے بعد چئیرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے کسی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہ ہونے کے بعد پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو منائی جائے گی، جبکہ یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ خلیجی ممالک میں عید الاضحیٰ 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی۔ دنیا کے بیشتر ممالک میں عید الاضحیٰ 20 جولائی کو منائی جائے گی، جبکہ پاکستان سمیت کچھ ایشیائی ممالک میں عید الاضحیٰ 21 جولائی کو ہوگی۔