bise multan - تعلیمی بورڈ ملتان میں انٹر کےپرچوں کی مارکنگ شروع، کنٹرولر نے ہدایات جاری کردیں

تعلیمی بورڈ ملتان میں و انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2021 ء کے پیپر ز کی بروقت و بہتر مارکنگ کیلئے ہیڈ ایگزامینرز کا اجلاس ہوا ، جس کی صدارت کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ،ملتان حافظ محمد اسماعیل تگہ نے کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کنٹرولر (سیکریسی)ڈاکٹر حافظ فدا حسین اور سسٹم اینالسٹ قاضی مُجیب الرحمٰن نے مارکنگ، اور ایوارڈ لسٹس کی تیاری کے حوالے سے ہیڈ ایگزامینرز کو ہدایات دیں ۔

کنٹرولر امتحانات نے ہیڈ ایگزامینرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ، بچوں کا مُستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے کسی بچے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ ہربچے کے پیپرز کی معیاری اور بروقت مارکنگ( دیئے گئے جوابات کی مطابقت میں)کو یقینی بنائیں۔
انھوں نے ڈپٹی کنٹرولر (سیکریسی) کو ہدایت کی کہ وہ جملہ مارکنگ سنٹرز کی یومیہ انسپکشن کو یقینی بنائیں اور غیر معیاری مارکنگ کرنے والے ممتحن صاحبان کے خلاف حسب ضابطہ کاروائی عمل میں لائیں۔

مختلف ہیڈ ایگزامینرز نے مارکنگ کے حوالہ سے سوالات کیے، جن کا ڈپٹی کنٹرولر( سیکریسی) اور سسٹم اینالسٹ نے تسلی بخش جوابات دیئے۔

جملہ ہیڈ ایگزامینرز نے بروقت، تسلی بخش اور معیاری مارکنگ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔